سنسار کی سندر نگری میں ولیوں کے راجا رہتے ہیں۔
اُس دیس کی سج دھج کیا کہیے جس دیس میں خواجہ رہتے ہیں۔
آج ہم سلطان الاولیا، ہند کے راجہ، خواجہ غریب نواز کے دربار کے روح پرور مناظر 'نور خواجہ' کے عنوان سے ای ٹی وی بھارت کی براہ راست نشریات کے ذریعہ آپ تک پہنچانے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت، براہ راست راجستھان میں اجمیر کی سرزمین پر ولیوں کے راجا، خواجہ خواجگان، حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کا مزار اقدس ہے۔ رواں ماہ کی 24 تاریخ کو خواجہ اجمیری کے عرس پاک کا آغاز ہو رہا ہے۔
کیا تھا ہند کو تاریک جب باطل پرستی نے
اجالا کر دیا آکر معین الدین چشتی نے
خواجہ کے دیوانے اجمیر کو چھوٹا مکہ اور مدینہ بھی کہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواجہ اجمیری کے عقیدت مند اجمیر کی درگاہ میں حاضری کو چھوٹا حج بھی سمجھتے ہیں اور حاضری دینے کے لیے دور دراز علاقوں سے اجمیر کا رخ کرتے ہیں، لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود خواجہ کے لاکھوں دیوانے اجمیر کی دھرتی پر نہیں پہنچ پاتے۔
اسی بات کے پیش نظر ای ٹی وی بھارت کی یہ کوشش ہے کہ خواجہ کے اُن لاکھوں متوالوں کو جو ان کے دربارہ کا رخ نہیں کر سکتے۔ انہیں اپنی نشریات کے ذریعہ اجمیر شریف کے روحانی مناظر سے محظوظ کرا سکے۔
خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کو متعدد القاب سے پکارا جاتا ہے۔ آپ کو سلطان الہند، عطائے رسول، نائب رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور خواجہ غریب نواز بھی کہا جاتا ہے۔
خواجہ غریب نواز کی درگاہ بر صغیر میں ایک عظیم زیارت گاہ ہے۔ یہاں ہر روز ہزاروں خواجہ کے دیوانے خواجہ کی چوکھٹ کا بوسہ لیتے ہیں۔ اور خواجہ کو اپنا دکھڑا سناتے ہیں۔
رواں ماہ کی 24 تاریخ سے 2 مارچ تک ہم ای ٹی وی بھارت کی یہ فخریہ پیش کش آپ کی خدمت میں براہ راست لیکر حاضر ہوتے رہیں گے، مزید خبروں کے لیے بنے رہیے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ۔