امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت پاکستانی طالبہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی منگل کے روز نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں۔ ملالہ یوسفزئی نے عصر ملک نامی پاکستانی نوجوان سے نکاح کیا ہے۔
منگل کے روز ٹوئٹر پر ملالہ یوسفزئی نے اپنے نکاح کی کچھ تصاویر شیئر کی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے نکاح کی خبر شیئر کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے لکھا کہ ’آج میری زندگی کا ایک اہم دن ہے۔ عصر اور میں زندگی کے ساتھی بن گئے ہیں۔ ہم نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ برمنگھم میں نکاح کی تقریب منعقد کی۔‘
’مستقبل کا سفر اکٹھے طے کرنے‘ کی امید اور اس کے حوالے سے اپنے جذبات کا اطہار کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے اپنے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔
ملالہ کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جنرل مینیجر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے عہدے پر کام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2012 میں ملالہ یوسف زئی پاکستان کے علاقے مینگورہ میں دہشت گردی کے ایک حملے کا شکار ہوئی تھیں جس کے بعد سے وہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔ خواتین کے حقوق خصوصی طور پر طالبات کے حقوق کے لیے ملالہ مسلسل کام کرتی رہی ہیں۔ ملالہ یوسف زئی 11 سال کی عمر سے ہی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے مہم چلا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کو سلامتی کونسل یقینی بنائے: ملالہ
عصر ملک لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز (لمز) کے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے دو سال قبل پاکستان کرکٹ بورڈ میں ملازمت اختیار کی۔ وہ پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز سے بھی بطور جنرل مینیجر آپریشنز وابستہ رہ چکے ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کے ذریعے اپنے نکاح کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے کے بعد سے لوگ انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔