اردو

urdu

ETV Bharat / international

جاپان کے وزیر اعظم کی ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو

شینزو آبے کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد یوشیہیڈ سوگا نے جاپان کا نیا وزیر اعظم اور حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کا قائد بننے کے بعد پہلی مرتبہ امریکی صدر ڈولنڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

جاپان کے وزیر اعظم کی ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو
جاپان کے وزیر اعظم کی ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو

By

Published : Sep 21, 2020, 3:58 PM IST

جاپان کے نئے وزیر اعظم یوشیہیڈ سوگا نے گزشتہ ہفتے اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پہلی مرتبہ فون پر بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین حفاظتی اتحاد کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق، اتوار کی رات تقریبا 20 منٹ تک جاری رہنے والے فون کال کے دوران سوگا اور ٹرمپ نے شمالی کوریا کی صورتحال کے علاوہ عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے سوگا نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر سے کہا کہ یہ ’’اتحاد خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت ہی اہم ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سوگا 16 ستمبر کو گزشتہ آٹھ برسوں میں پہلی مرتبہ غیر معمولی پارلیمانی اجلاس کے دوران نئے رہنما کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔

سوگا نے ٹرمپ کے حوالے سے کہا کہ اتحاد میں مزید تقویت لائی جانی چاہئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ نے ان سے کہا ہے کہ ’’سوگا کبھی بھی کال کر سکتے ہیں۔‘‘

ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے بعد سوگا نے کہا کہ وہ دنیا کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ بھی ٹیلیفون پر بات چیت کرنے پر راضی ہیں، تاہم انہوں نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم نہیں کی۔

وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، سوگا کے قومی سلامتی کے مشیر شیگرو کیتامارو اگلے ہفتے واشنگٹن میں اپنے ہم منصب رابرٹ او برائن سے ملاقات کریں گے۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں ’’خراب صحت‘‘ کے باعث شینزو آبے کے اچانک مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد سوگا، شنزو آبے کی جگہ جاپان کے وزیر اعظم اور حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کا قائد بھی بن گئے تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details