میانمار پولیس کے مطابق عہدے سے برخاست کی گئی رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی گئی ہے جس کے بعد انہیں 15 فروری تک کے لیے کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے۔
حالانکہ کسٹڈی میں بھیجے جانے کے بعد انہیں کہاں رکھا گیا ہے اس بات کی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آنگ سان سوچی کو دار الحکومت میں ان کے گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے۔
آنگ سان سوچی کے خلاف دائر کی گئی چارج شیٹ میں انتخابات میں دھاندلی کے علاوہ درآمد اور برآمد کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے اور غیر قانونی طریقے سے مواصلاتی آلہ رکھنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سوچی پر کورونا کی وبا کے دوران ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔