عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب دنیا کے بیشتر ممالک میں پھیل چکے اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد سوا لاکھ سے زائد یعنی 1 لاکھ 25 ہزار 691 ہو گئی ہے۔اور اب تک اس وبا سے متاثرین کی تعداد 19 لاکھ 75 ہزار 970 ہو چکی ہے۔ دنیا بھر میں اب تک 4.73 لاکھ لوگ اس وائرس سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں بھی کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 11439 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 377 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ وہیں اب تک 1306 افراد اس وبا سے بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کوروناوائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور سب سے زیادہ اموات یہیں ہوئی ہیں۔
دنیا کے سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں یہ وبا بھیانک شکل اختیار کر چکی ہے اور یہاں پر اب تک 608458 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 25992 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ امریکہ میں اس بیماری سے اب تک 47763 لوگ ٹھیک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کے بعد سب سے زیادہ اور شدید طور پر متاثر یوروپی ملک اٹلی میں اس وبا سے اب تک 21067 افراد کی موت ہوئی ہے اور 162488 افراد اس وبا سے متاثرہوئے ہیں۔
اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82295 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 3342 اموات ہوئی ہیں۔ اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے۔