ایرانی حکام نے دارالحکومت تہران میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے خلاف دو بل بورڈ لگائے ہیں، جن کے ذریعہ میکرون کی تنقید کی گئی ہے اور گذشتہ دنوں فرانس میں ہونے والے واقعات سے متعلق احتجاج کیا گیا ہے۔
تہران کے معروف 'ولی عصر اسکوائر' پر ایک بہت بڑا بل بورڈ لگا ہے، جس میں سمندر کی ایک پینٹنگ دکھائی گئی ہے، اس پینٹنگ کے ساحل سمندر پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، کارٹونسٹ رینالڈ لوزیئر کی کٹی پھٹی تصویریں اور چارلی ہیبڈو کی ایک کاپی پھینکی گئی ہے۔ اور سمندر میں 'محمد' لکھا گیا ہے اور سب سے نیچے دائیں جانب فارسی میں 'دریا مبرا از پلیدی ست' کا جملہ لکھا گیا ہے۔ اس جملے کا مطلب ہے کہ دریا کو گندگی سے پاک کر دیا گیا ہے۔
ایک دوسرے بل بورڈ میں میکرون کو شیطان کی شکل میں دکھایا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی ایک فارسی جملہ 'ابلیس پاریس' لکھا گیا ہے، جس کا مطلب پیرس کا شیطان ہوتا ہے۔