اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے ٹی ایس تیرومورتی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) میں عارضی رکن کے طور پر بھارت اپنے دو سالہ میعاد کے دوران، طالبان اور لیبیا پابندیوں کی کمیٹیوں اور انسداد دہشت گردی کمیٹی کی سربراہی کرے گا۔
بتا دیں کہ بھارت کے مستقل نمائندے ٹی ایس تیرومورتی اس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔
گذشتہ جمعہ کو کونسل میں اپنی دو سالہ میعاد کا آغاز کرنے والا بھارت، یو این ایس سی کو بہتر بنانے کے لیے برسوں سے جاری کوششوں میں سب سے آگے رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مختلف امور پر معاون ادارہ تشکیل دیتی ہے۔ کونسل کے کل 15 ممبر ہیں، جن میں سے 5 مستقل اور 10 عارضی ممبر ہیں۔
اس معاملے میں اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے، ٹی ایس تیرومورتی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہے کہ بھارت کو سلامتی کونسل کی تین اہم کمیٹیوں کی سربراہی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ ان کمیٹیوں میں طالبان پر پابندی کی کمیٹی، انسداد دہشت گردی کمیٹی (سی ٹی سی) اور لیبیا سے متعلق پابندی کی کمیٹی شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امن سلامتی کی ترقی اور پیشرفت کے لیے طالبان پابندیوں کی کمیٹی ہمیشہ ہی بھارت کی پہلی ترجیح رہی ہے۔
اس موقع پر مورتی نے کہا کہ اس کمیٹی کی سربراہی سے افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی اور امن کو نقصان پہنچانے والوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملے گی۔