پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کے سی ای او مارک زکر برگ کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ فیس بک سے اسلام مخالف مواد پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا اور اسلام مخالف مواد پر ہولو کاسٹ جیسی پابندیاں لگائی جائیں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اسلامو فوبیا پھیل رہا ہے، ایسا مواد نفرت، انتہا پسندی اور تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ فیس بک پر اسلام مخالف نفرت انگیز مواد پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں مسلمانوں کے خلاف اسی طرح کا معاملہ دیکھ رہا ہوں، بدقسمتی سے کچھ ممالک میں مسلمانوں کو شہریت کے حقوق حاصل نہیں، مسلمانوں کو لباس سے لیکر عبادت تک سے روکا جا رہا ہے، مسلمانوں کو متعدد ممالک میں عبادت کی اجازت نہیں ہے۔
گزشتہ سال عمران خاں نے اقوام متحدہ کی 74 ویں جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ "مغربی معاشرے میں ہولوکاسٹ کے ساتھ حساسیت کا سلوک کیا جاتا ہے کیونکہ اس سے یہودی برادری کو تکلیف پہنچتی ہے۔ تو یہی وہ احترام ہے جس کے لئے ہم دعا گو ہیں۔ ہمارے نبی پاک کو بدنام کرکے ہمارے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائیں۔ ہم صرف اتنا ہی کہتے ہیں۔''