عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 60 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس وبا سے اب تک 3.64 لاکھ سے زائد افراد کی موت ہوچکی ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 60،60،207 لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ 3،69،126 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا سے ہونے والی اموات کے اعداد و شمار میں بھی امریکہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ برطانیہ دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہے۔ صرف امریکہ میں ہی ایک لاکھ سے زیادہ افرادکی کورونا وائرس کی زد میں آکر موت ہوچکی ہے۔
بھارت میں بھی کورونا وائرس میں شدت آتی جارہی ہے اور یہ دنیا بھر میں انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز والے ممالک میں نویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ (8380 )نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 193 افراد کی جانیں گئی ہیں جبکہ اس وبا سے 4614 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے اتوار کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1،82،143 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 5164 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 86،984 لوگ اس بیماری سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بہرحال ابھی ہندوستان میں کورونا وائرس کے 89،995 فعال کیسز ہیں۔
عالمی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 17،70،384 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1،03،776 اموات ہو چکی ہے۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ یہاں 4،98،440 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 28،834 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔