بھوٹان اور چین نے اپنے سرحدی تنازع کے تعلق سے بات چیت کو تیزی سے آگے بڑھانے کے مقصد سے تین جہتی روڈمیپ کو منظوری فراہم کرتے ہوئے آج اس سلسلے میں ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
ایک ورچوئل میٹنگ میں بھوٹان کے وزیر خارجہ لیونپو ٹانڈی ڈورجی اور چین کے معاون وزیر خارجہ وجیانگ ھاؤ نے اس ایم او یو پر دستخط کئے۔ ایم او یو کی کاپیاں بعد میں سفارتی ذرائع سے ایک دوسرے کے حوالے کی جائیں گی۔
یہ معلومات بھوٹان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں دی گئی۔
بھوٹان اور چین کے مابین سرحدی مذاکرات 1984 میں شروع ہوئے تھے اور دونوں فریقوں کے درمیان سرحدی مسائل پر 24 دور اور ماہر گروپ کی دس دور کی میٹنگیں ہوچکی ہیں۔