اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں آج علی الصبح تقریباً 03.30 بجے آنے والے شدید زلزلے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 300 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ، سبی، ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ، چمن، زیارت اور ژوب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے سے ہرنائی سب سے زیادہ متاثر رہا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکزہرنائی میں 15 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر بچے ہیں اور کچھ علاقوں میں ابھی بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔ تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے، متاثرہ علاقوں میں راحت اور امدادی کام جاری ہے۔