ملبے کے ڈھیر میں دب کر درجنوں افراد ہلاک
میانمار کی شمالی ریاست کَچن میں قیمتی پتھر يَشپ کی ایک کان کے قریب کچرے کا بڑا ڈھیر کھسکنے کے سبب اس کے ملبے میں دب کم از کم 90 افراد ہلاک جبکہ کئی لاپتہ ہوگئے ہیں۔
میانمار کے میڈیا نے بتایا کہ یہ لوگ کَچن میں کانکنی کمپنی کے ذریعہ اکٹھا کیے گئے کچرے کا بڑا ڈھیر سنیچر کے روز ڈیہہ جانے سے اس کی زد میں آگئے۔ ان میں سے بہت سے وہ کچرا چننے والے ہیں جو اس ڈھیر کے پاس ہی رہتے ہیں اور ملبے میں کچرے میں قیمتی پتھر ملنے کی امید میں اسے کھودتے رہتے ہیں۔
اس حادثے میں کئی لوگ لاپتہ ہیں۔ کَچن ریاست میں دنیا کے کچھ سب سے بہترین يَشپ پتھر کی کانکنی ہوتی ہے۔
میانمار ریڈ کراس، فوج، پولیس اور مقامی برادری راحت اور بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔ لوگوں کی لاشیں زمین کھود کر نکالنی پڑ رہی ہیں۔
سرکاری روزنامہ گلوبل نیو لائٹ آف میانمار نے بتایا کہ حادثے کے وقت نزدیک کی جھگیوں میں سو رہے کئی لوگ بھی اس کی زد میں آگئے۔ ابھی یہ نہیں پتہ چل سکا کہ کچرے کا یہ ڈھیر کیسے اچانک بیٹھ گیا۔