امریکہ کی رخصت پذیر خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے الوداعی خطاب میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے لڑنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کے لیے قوم کا شکریہ ادا کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کرکے امن قائم رکھیں۔
میلانیا ٹرمپ نے الوداعی خطاب میں اتحاد کی اپیل کی وہائٹ ہاؤس میں اپنے الوداعی پیغام میں محترمہ میلانیا نے کہا کہ 'گذشتہ چار برس ناقابل فراموش رہے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ اور میں نے اپنا وقت وہائٹ ہاؤس میں گزارا۔ مجھے ان تمام لوگوں کی یاد آرہی ہے جنہوں نے میرے دل میں گھر کرلیا ہے اور ان کی محبت، حب الوطنی اور پختہ عزم کی ناقابل یقین کہانیوں کو ساتھ لے ہم رخصت ہونے جارہے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: 'یورپ، برازیل سے آنے والے مسافروں پر پابندی جارہی رہے گی'
انہوں نے امریکی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس عالمی وبا سے اپنے آپ کو بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ 'دنیا کو کووڈ 19 کی عالمی وبا کا سامنا ہے، میں ان تمام نرسوں، ڈاکٹروں، طبی پیشہ ور افراد، مینوفیکچرنگ ورکرس، ٹرک ڈرائیوروں اور بہت سے دوسرے لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے لوگوں کی جان بچانے کے لیے کام کرنا جاری رکھا ہے'۔
واضح رہے کہ امریکی نومنتخب صدر جو بائیڈن کو اقتدار کی منتقلی بدھ کے روز ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی امریکی نائب صدر کملا ہیریس رخصت پذیر نائب صدر پینس کے جانشین کے طور پر حلف لیں گی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ وہ افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ وہ 152 برسوں میں تقریب چھوڑنے والے اور پہلے سبکدوش ہونے والے صدر ہیں اور بائیڈن کے حلف برداری سے چند گھنٹے قبل ہی فلوریڈا روانہ ہوں گے۔