امریکی صدر جو بائیڈن نے کانگریس سے اپنے پہلے مشترکہ خطاب میں خاندانی منصوبے کا اعلان کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکی خاندانی منصوبے کے تحت بچوں، کنبوں اور تعلیم کے لئے 1.8 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائےگی۔
بائیڈن نے فیملی پلان کا کیا اعلان، والدین کو 250 ڈالر ماہانہ ادائیگی کی پیشکش بائیڈن نے کہا کہ اس منصوبے سے امریکی زندگی میں حکومت کے کردار کو بنیادی طور پر تبدیل کیا جائے گا۔
کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے یونیورسل پری اسکول، مفت کمیونٹی کالج (دو سالوں کے لئے) اور بچوں کی دیکھ بھال کے لئے 225 بلین ڈالر اور ماں باپ کو کم سے کم 250 ڈالر ماہانہ کی ادائیگی کی تجویز پیش کی۔
بائیڈن نے یہ اعلان کورونا وبا کے تناظر میں کیا اور کہا کہ متوسط طبقے اور غریب طبقے کی مدد کے لئے دولت مندوں پر ٹیکس لگا کر معاشی ترقی سب سے بہتر ہوگی۔
پولیس سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بل پاس کرنے کی درخواست
اپنے خطاب میں جو بائیڈن نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جن لوگوں کی خدمت کرتے ہیں انہیں ایک دوسرے کے درمیان اعتماد بحال کرنے کے لئے جمع ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ارکان پارلیمنٹ جارج فلائیڈ کی برسی کے موقع پر پولیس اصلاحاتی بل منظور کریں۔
واضح رہے کہ 25 مئی 2020 کو ایک پولیس افسر نے فلائیڈ کی گردن پر گھٹنے رکھے تھے، جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی تھی۔
فلائیڈ کی موت کے بعد پولیس کی بربریت اور مختلف اداروں میں نسل پرستی کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے ہوئے۔
بائیڈن نے اپنے خطاب میں بل کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ملک اس اصلاح کی حمایت کرتا ہے اور پارلیمنٹ کو یہ اقدام اٹھانا چاہئے۔
ایوان نمائندگان نے پولیسنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہتر بنانے کے لئے بل منظور کیا لیکن ابھی تک سینیٹ سے اس کی منظوری نہیں ملی ہے۔
امیگریشن اصلاحات سے متعلق بل پاس کرنے کی درخواست
کانگریس کو امیگریشن کی بڑی اصلاحات منظور کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ اس وبا کے دوران تارکین وطن نے امریکہ کے لئے بہت کچھ کیا ہے۔
صدر کا عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن بائیڈن نے کانگریس کو امیگریشن کا ایک جامع بل بھجوایا تھا، جس میں ہزاروں تارکین وطن کے پاس قانونی حیثیت اور شہریت دینے کی تجویز ہے جس کے پاس دستاویزات نہیں ہیں۔
اپنے خطاب میں بائیڈن نے کہا کہ "عالمی وبا کے دوران تارکین وطن نے امریکہ کے لئے بہت کچھ کیا ہے۔" ملک امیگریشن اصلاحات کی حمایت کرتا ہے۔ کانگریس کو اس پر آگے بڑھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ "ہجرت ہمیشہ سے ہی امریکہ کے لئے ضروری رہی ہے۔ آئیے امیگریشن سے متعلق اپنی لڑائی ختم کریں۔ 30 سے زیادہ سالوں سے رہنما، امیگریشن اصلاحات کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں لیکن انہوں نے اس کے بارے میں کچھ نہیں کیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس میں بہتری لائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ ہمیں ایک محفوظ سرحد کی ضرورت ہے، تو اسے منظور کریں۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ شہریت دینے کے فریم ورک کا فیصلہ ہونا چاہئے تو اسے منظور کریں۔ اگر آپ واقعی اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں تو پھر میں نے آپ کو ایک بل بھیجا ہے، اب اسے پاس کریں۔