آسٹریلیا میں پیش آئے عصمت ریزی کے واقعہ پر آسٹریلیا کے وزیر اعظم موریسن نے واقعے کی تفصیلی جانچ کرانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ خاتون نے الزام لگایا تھا کہ وزیر دفاع لنڈا رینالڈس کے پارلیمنٹ بلڈنگ میں واقع دفتر میں مارچ 2019 میں ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔ یہ جرم موریسن کی حکمراں لبرل پارٹی کے ایک کارکن نے انجام دیا تھا۔
خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے گزشتہ برس اپریل میں ہی اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی تھی لیکن اپنے کیریئر کو نقصان پہنچنے کے خدشے کی وجہ سے اس واقعے کی باضابطہ شکایت درج نہیں کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ خاتون نے بتایا کہ انہو ں نے رینالڈ کے دفتر کے ایک سینئر عہدیدار کو اپنے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعے کے بارے میں بتایا تھا۔
لیکن انہیں اسی دفتر میں ایک میٹنگ میں شرکت کرنے کے لیے کہا گیا جہاں ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔رینالڈ نے پیر کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ گزشتہ برس انہیں اس شکایت کے متعلق بتایا گیا تھا تاہم انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ خاتون پر پولیس میں شکایت درج نہیں کرانے کے لیے کسی طرح کا دباو ڈالا گیا تھا۔