ماریشس میں جمعرات کو دنیا بھر میں پھیل چکے جان لیوا کورونا وائرس کے پہلے تین کیس سامنے آئے ہیں۔
حکومت نے ایک سرکاری بیان جاری کرکے کہا ماریشس میں کورونا وائرس کے تین معاملے درج کئے گئے ہیں،کورونا وائرس جیسی علامات کے بعد تین افراد کی جانچ کرائی گئی تھی جس میں وہ مثبت پائے گئے۔
اس وائرس سے متاثر ہونے والے تین افراد میں سے دو حال ہی میں برطانیہ میں ایک کروز سے واپس آئے تھے۔
وزیر اعظم پروند کمار جگناتھ کے مطابق متاثرہ افراد کو سوئیلاس اسپتال میں علیحدہ بنائے گئے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس وبا سے بچے رہنے کے لئے لوگوں سے محتاط اور تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی اپیل بھی کی۔
قابل غور ہے کہ چین کے صوبے ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہو نے والا جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں دنیا کے 150 سے زائد ملک آ چکے ہیں اور اس سے متاثرتقریب 8000 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ اب تک 200،000 سے زیادہ لوگ اس وائرس کی زد میں ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے درمیان اسے عالمی وبا بھی قرار دیا ہے۔