سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کے قافلے پر پیر کو جان لیوا حملہ کیا گیا جس میں وہ بال بال بچ گئے۔
روسی نیوز ایجنسی اسپوٹنک نے وزیراعظم کے پریس سروس کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسٹر حمدوک دارالحکومت خرطوم کے کوبر علاقے میں اپنے دفتر کی طرف جارہے تھے ، تبھی ان کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔
حملے میں وہ بال بال بچ گئے اور انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اب تک کسی بھی شخص اور تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
سوڈانی ٹی وی کے مطابق دارالحکومت خرطوم میں حمدوک کی گاڑی کو دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ وزیراعظم کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
سوڈانی سیکورٹی فورسز نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔