سورو گنگولی وہ نام ہے جس نے ملک میں کرکٹ کو بام عروج تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور 21 ویں صدی میں ملک میں کرکٹ کو الگ پہچان دلائی۔
سورو گنگولی کی پیدائش 8 جولائی سنہ 1972 میں مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں ہوئی تھی انہیں بچپن سے ہی کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا اور یہ شوق جنون میں تبدیل ہو گیا اور اسی جنون نے انہیں پوری دنیا میں مشہور کر دیا۔
سورو گنگولی کی پیدائش ایک ایسی ریاست میں ہوئی جہاں کے لوگ فٹبال میں زیادہ دلچسپی رکھتے تھے لیکن انہوں نے اس کے بر عکس کرکٹ کو منتخب کیا اور اسی میدان میں اپنا نمایاں مقام بنایا۔
گنگولی نے 11 جنوری سنہ 1992 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے یک روزہ کریئر کی شروعات تھی جبکہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ہنر دکھانے کا موقع 4 برسوں کے بعد ملا اور 20 جون سنہ 1996 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کی شروعات کی تھی۔
سنہ 2000 میں میچ فکسنگ میں کچھ کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے معاملے کے بعد گنگولی کا نام بطور کپتان پیش کیا گیا اور انہوں نے ٹیم کی باگ دوڑ سنبھالی، ان کا شمار بھارت کے کامیاب کپتانوں میں ہوتا ہے۔