حیدرآباد: جب سے وشال بھردواج نے اپنی آئندہ فلم خفیہ کا اعلان کیا ہے تب سے شائقین فلم کے ٹریلر کے ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ تبو، علی فضل، ومیکا گبی اور آشیش ودیارتھی جیسے شاندار اسٹار کاسٹ کی وجہ سے سب کی نگاہیں اس فلم پر ٹکی ہوئی ہیں۔ چونکہ آج نیٹفلکس نے ٹُوڈُم: اے نیٹفلکس فین ایونٹ نام سے مداحوں کے لیے سب سے بڑے ایونٹ کا انعقاد کیا ہے، تو اس دوران او ٹی ٹی پلیٹفارم نے اپنی آئندہ فلموں اور ویب سیریز کا بھی اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان تمام فلمی شائقین کے لیے کسی تحفہ سے کم نہیں ہے۔ وشال بھردواج کی خفیہ بھی ان فلموں میں سے ایک ہے جس کا اعلان آج نیٹفلکس نے کردیا ہے۔ Khufiya Teaser Out
خفیہ ایک جاسوسی تھرلر فلم ہے۔ نیٹفلکس کی جانب سے شیئر کردہ ٹیزر میں تبو ایک کہانی سناتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ خفیہ کے میکرز نے فلم کے حوالے سے ایک بار بتایا تھا کہ ' خفیہ ایک ایسی جاسوسی تھرلر فلم ہے جو ریسرچ اینڈ اینالائسز ونگ کے اندرونی معاملات کے بارے میں ہے۔ یہ ایک ایجنٹ کی کہانی کو بیان کرے گا جو اپنی ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی کو سمجھنے کے لیے کئی ان سلجھی چیزوں کی تہہ تک پہنچتی ہے۔ ہم مداحوں کو تبو کے اس اوتار کو دکھانے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔