ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لیڈر ڈیرک اوبرائن نے منگل کو راجیہ سبھا میں کہا کہ شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'پٹھان' ایک خوبصورت پیغام دیتی ہے'۔ ڈیرک اوبرائن نے شاہ رخ خان، دیپیکا پڈوکون، جان ابراہم اور ڈمپل کپاڈیہ کی فلم پٹھان کی تعریف کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکاروں کو 'انڈیا کے سب سے بڑے عالمی سفیر' قرار دیا۔ جہاں یہ فلم باکس آفس پر ہندوستان اور دنیا بھر میں نئے ریکارڈ بنا رہی ہے، وہیں ڈیرک نے کہا کہ پٹھان کی کامیابی نے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے اور وہ کر کے دکھایا ہے جو کوئی سیاسی جماعت نہیں کر سکتی تھی۔ انہوں نے پٹھان کے فلمساز سدھارتھ آنند کی بھی تعریف کی۔Derek O'Brien praises Pathaan
پٹھان کے گانے بیشرم رنگ میں دیپیکا پڈوکون کے ذریعہ پہنے گئے زعفرانی سوئمنگ سوٹ کو فلم کی ریلیز سے قبل تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، کچھ لوگوں نے پٹھان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم اس کی ریلیز کے بعد ڈیرک سمیت بہت سے لوگوں نے فلم کی تعریف کی کیونکہ لوگوں نے فلم کے خلاف پابندی اور بائیکاٹ کالوں کو قبول نہیں کیا اور بڑی تعداد میں سینما گھروں کی جانب رخ کیا۔
راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کی بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈیرک اوبرائن نے پٹھان کی پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ' شاباش سدھارتھ آنند۔۔۔ شاباش بھارت کے سب سے بڑے عالمی سفیر۔ جو ہم نہ کرسکے، وہ شاہ رخ خان، ڈمپل کپاڈیہ اور جان ابراہم نے اس ملک کو کر کے دکھا دیا۔ ہم ان سے سیکھتے ہیں۔ بھارت کے سب سے بڑے عالمی سفیر کو چیلنچ نہ کریں۔ آپ نے ان سے بالی ووڈ کا بائیکاٹ کرنے کو کہا، انہوں نے آپ کو ایک خوبصورت پیغام کے ساتھ ایک فلم دکھائی'۔