ممبئی: اداکارہ رانی مکھرجی نے ہندی سنیما میں خواتین کی صحیح نمائندگی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ایک خاندان اور معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا بھر کے لوگوں کو یہ دکھائیں۔ رانی کہتی ہیں کہ 'ایک اداکار کے طور پر سینما اور کرداروں کے لیے آپ کا وژن مسلسل بدلتا رہتا ہے لیکن ایک چیز جو میرے لیے نہیں بدلی ہے وہ ہے خواتین کو اسکرین پر پیش کرنا اور ان کی نمائندگی کرنے کا طریقہ۔خواتین ایک خاندان اور معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ ایک اداکار کے طور پر میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنے ملک اور دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہ دکھاؤں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینما لوگوں کے ذہنوں پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔ یہ قومی گفتگو کو شروع کرنے کا ایک بہت ہی طاقتور ذریعہ ہے اور اپنے کرئیر کے شروعاتی دنوں میں ہی میں یہ بات سمجھ گئی تھی کہ میں آن اسکرین پر خواتین کو پیش کرنے کے طریقے میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہوں، یہ مثبت ہوسکتا ہے'۔ رانی فلموں میں لڑکیوں کو انتہائی خود مختار کردار کے طور پر دکھانا چاہتی تھیں۔ وہ کہتی ہیں کہ 'میں نے ایسی فلموں کا انتخاب کرنے کا فیصل کیا جہاں لڑکی بھی فلم کی کہانی کے لیے اہم ہوتی ہوں، جہاں لڑکی کو وقار اور طاقت کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے'۔