حیدر آباد: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنے چھوٹے عمل سے بھی سوشل میڈیا پر ہلچل پیدا کردیتے ہیں۔ اداکاری کے علاوہ شاہ رخ خان اپنی سخاوت اور فراخ دلی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ہفتہ کے روز اداکار نے نئی دہلی میں روڈ حادثے میں ہلاک ہونے والی خاتون انجلی سنگھ کے اہل خانہ کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔شاہ رخ خان کی میر فاؤنڈیشن نے انجلی سنگھ کی والدہ کو رقم عطیہ کی ہے۔ تاہم فاؤنڈیشن نے متاثرہ کے خاندان کو دی جانے والی رقم کو ظاہر نہیں کیا ہے۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد شاہ رخ خان سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔Proud of Shah Rukh Khan trends
ٹویٹر پر 'پراؤڈ آف شاہ رخ خان'(شاہ رخ خان پر فخر ہے) ٹرینڈ کر رہا ہے اور اداکار کے حسن سلوک کو دیکھتے ہوئے مداح اپنے پسندیدہ سپراسٹار کو اپنی حمایت اور محبت دے رہے ہیں۔ جب سے شاہ رخ خان کی آئندہ فلم پٹھان کا پہلا گانا بیشرم رنگ ریلیز ہوا ہے تب سے کچھ لوگوں کی جانب سے انہیں اور ان کی فلم کو شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لیکن ٹویٹر پر ٹرینڈ ہونے والا یہ ہیش ٹیگ یہ ثابت کرتا ہے کہ اداکار کی بادشاہی کو کوئی ہلا نہیں سکتا۔