ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے 'پٹھان' کے ساتھ چار سال بعد واپسی کی ہے۔ یہ فلم بدھ (25 جنوری) کو مداحوں کے بڑھتے ہوئے جنون اور ہنگامے کے درمیان ریلیز ہوئی اور آتے ہی تہلکا مچا دیا۔ کنگ خان کو چار سال بعد سلور اسکرین پر دیکھ کر شائقین پرجوش ہوگئے۔ سینما گھروں کے اندر سے باہر تک ہر طرف جشن کا ماحول تھا۔ اس کے ساتھ ہی فلم نے باکس آفس پر پہلے ہی دن کمائی کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔ تجارتی تجزیہ کار نے بھارت میں فلم 'پٹھان' کی ایک دن کی کمائی کے اعداد و شمار شیئر کیے ہیں۔
تجارتی تجزیہ کار رمیش بالا کے مطابق فلم 'پٹھان' کی اوپننگ کافی دھوم مچ گئی۔ فلم نے ایک دن میں 54 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ شاہ رخ خان کی فلم اب تک کی سب سے بڑی نان ہالیڈے اوپنر بن کر ابھری ہے۔ فلم نے پہلے ہی دن کئی سپرہٹ فلموں کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔ پٹھان نے پرشانت نیل کی 100 کروڑ روپے کی بجٹ والی فلم 'KGF چیپٹر 2' کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔