ممبئی: ہندوستانی سنیما کی دنیا میں منا ڈے کو ایک ایسے گلوکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جنہوں نے اپنی لاجواب پلے بیک گلوکاری کے ذریعے کلاسیکی موسیقی کو مخصوص شناخت دلائی۔ پربودھ چندر ڈے عرف منا ڈے کی پیدائش یکم مئی 1919 کو کولکاتہ میں ہوئی۔ ان کے والد انہیں وکیل بنانا چاہتے تھے لیکن ان کا رجحان موسیقی کی سمت تھا اور وہ اسی میدان میں اپنا مستقبل بنانا چاہتے تھے۔ منا ڈے نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنے چچا كےسی ڈے سے حاصل کی۔
منا ڈے کے بچپن کے دنوں کا ایک دلچسپ واقعہ ہے کہ استاد بادل خان اور مناڈے کے چچا ایک مرتبہ ساتھ ساتھ ریاض کر رہے تھے، اسی وقت بادل خان نے منا ڈے کی آواز سنی اور ان کے چچا سے پوچھا یہ کون گا رہا ہے، جب منا ڈے کو بلایا گیا تو انہوں نے اپنے استاد سے کہا، ’’بس ایسے ہی گانا گالیتا ہوں‘‘، لیکن بادل خان نے منا ڈے کی چھپے ہوئے ہنر کو پہچان لیا۔ اس کے بعد وہ اپنے چچا سے موسیقی کی تعلیم لینے لگے۔
منا ڈے 40 کی دہائی میں اپنے چچا کے ساتھ موسیقی کے میدان میں اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے ممبئی آ گئے۔ 1943 میں فلم ’تمنا‘ میں بطور گلوکار انہیں ثریا کے ساتھ گانے کا موقع ملا۔ حالانکہ اس سے پہلے وہ فلم رام راج میں کورس کے طور پر گانا گاچکے تھے۔ دلچسپ بات ہےکہ یہی ایک واحد فلم تھی جسے بابائے قوم مہاتما گاندھی نے دیکھا تھا۔