مشہور زمانہ فلم لگان اور چک دے انڈیا سمیت 150 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار جاوید خان امروہی انتقال کر گئے۔ انہوں نے منگل کو ممبئی میں آخری سانس لی۔ پھیپھڑوں کی خرابی کے باعث ان کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہیں سانس لینے میں بہت تکلیف ہو رہی تھی۔ اداکار کی موت سے بالی ووڈ اور ان کے مداحوں میں سوگ کی لہر ہے۔ اداکار اکھلیندر مشرا نے فیس بک پر ان کی موت کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا کہ 'جاوید خان صاحب کو خراج تحسین۔ بہترین اداکار، سینئر آرٹسٹ، آئی پی ٹی اے کا ایکٹو ممبر۔ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے تھے'۔ Actor Javed Khan Amrohi dies
فلمساز رمیش تلوار نے پی ٹی آئی کو جاوید کی موت کی تصدیق کی اور خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اداکار جنہوں نے ماضی کے مشہور ٹی وی شو نکڑ میں کام کیا تھا، سانس لینے میں تکلیف میں مبتلا تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ' جاوید ایک سال سے بستر پر تھے اور ممبئی میں زیر علاج تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'وہ ہسپتال میں دوپہر ایک بجے کے قریب انتقال کر گئے کیونکہ ان کے دونوں پھیپھڑے فیل ہو گئے'۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو یہ بھی بتایا کہ جاوید کی آخری رسومات شام 7.30 بجے اوشیوارا قبرستان میں ادا کی جائیں گی۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (FTII) سے گریجویشن کرنے کے بعد تھیٹر سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد امروہی 150 سے زیادہ فلموں اور ایک درجن کے قریب ٹی وی شوز میں چھوٹے لیکن اہم کرداروں میں نظر آئے۔