ممبئی (مہاراشٹر): بالی ووڈ اسٹار کارتک آرین اپنی فلم بھول بھولیا 2 کی ریلیز سے کافی خوش ہیں اور انہیں حیرت بھی ہے کہ ان کی فلم باکس آفس پر اتنی زیادہ کمائی کرے گی۔ فلم کی کامیابی کے حوالے سے اداکار کا کہنا ہے کہ ' اگرچہ ٹیم کو فلم بھول بھولیا 2 کی تجارتی کامیابی کے بارے میں یقین تھا لیکن انہیں یہ امید نہیں تھی کہ یہ فلم باکس آفس پر ہندی فلم انڈسٹری کے بگڑے حال کو بحال کرے گی'۔Kartik Aaryan on Bhool Bhulaiyaa2
20 مئی کو ریلیز ہونے والی انیس بزمی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم کی کہانی اور تبو، راجپال یادو، کیارا اڈوانی اور آرین کی پرفارمنس کو ناقدین اور فلمی شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ بھوشن کمار کی ٹی سیریز اور سائن 1 اسٹوڈیوز کی طرف سے تیار کی گئی اس فلم نے دنیا بھر میں 230 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے، جو بچن پانڈے، پرتھویراج، ہیروپنتی 2 اور جرسی جیسی فلموں کی باکس آفس پر ناکامیوں کے بعد ہندی فلم انڈسٹری کے لیے راحت بن کر آئی ہے۔
آرین نے ایک میڈیا پروگرام میں کہا کہ ' واقعی اچھا لگ رہا ہے۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ ہم انڈسٹری کو بحال کر پائیں گے۔ ہمیں امید تھی کہ فلم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ سچ پوچھیں تو ہمیں امید تھی کہ یہ 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر جائے گی۔ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ 200 کروڑ کا ہندسہ عبور کرے گی۔ یہ ہماری توقعات سے زیادہ ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ ' ہمیں یقین تھا کہ فیملی والے لوگ اس سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ یہ ایک تفریحی فلم ہے۔ جس چیز نے مجھے حیران کیا وہ بچوں کا ردعمل تھا، جیسے کہ ایک تین سال کا بچہ ' ہرے رام' گا رہا ہے۔ یہ سب کچھ غیر حقیقی لگتا ہے۔ ہم نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ یہ لوگوں تک اتنا گہرائی سے پہنچے گا'۔