ممبئی:بھارتی فلمی دنیا میں مرنال سین کا نام ایک ایسے فلمسازوں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی فلموں کے ذریعے ہندی سنیما کو بین الاقوامی سطح پر خاص شناخت دلائی۔ 14 مئی 1923 کو فرید آباد (بنگلہ دیش) میں پیدا ہوئے مرنال سین نے ابتدائی تعلیم فرید آباد سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے كلكتہ کے مشہور اسكاٹش چرچ کالج سے مزید تعلیم حاصل کی۔ اس دوران وہ کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے منعقد ثقافتی پروگراموں میں شرکت کرنے لگے۔ کالج سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد مرنال سین کی دلچسپی فلموں کےتیئں بڑھنے لگی اور وہ فلم سازی سے متعلق کتابوں کا مطالعہ کرنے لگے۔ اس دور کے وہ اپنے دوست رتوك گھٹک اور سلیل چودھری سے اکثر کہا کرتے کہ مستقبل میں وہ بامعنی فلمیں بنائیں گے لیکن خاندان کی اقتصادی حالت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں اپنا یہ خیال ملتوی کرنا پڑا اور طبی نمائندے کے طور پر کام کرنا پڑا۔طبی نمائندے کے طور پر کچھ دنوں تک کام کرنے کے بعد جب ان کا دل اس کام میں نہیں لگا تو انہوں نے یہ نوکری چھوڑ دی۔
مرنال سین فلمی صنعت میں اپنے کیریئر کی شروعات کولکتہ فلم اسٹوڈیو میں بطور ’’آڈیوٹکنیشین‘‘ کے طور پر کی۔ بطور ڈائریکٹر مرنال سین کے کیریئر کی پہلی فلم سال 1955 میں ریلیز ہونے فلم’’رات بھور‘‘ تھی جو باکس آفس پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔ اس کے بعد سال 1958 میں مرنال سین کی فلم ’’نیل اكاشے نیچے‘‘ ریلیز ہوئی۔فلم کی کہانی ایک ایسے چینی تاجر وانگلو پر مبنی تھی جسے كلكتہ میں رہنے والی بسنتی کے بائیں بازو کے نظریات متاثر کرتے ہیں اور وہ اپنے ملک جا کر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جاپانی فوج کے خلاف ساتھ چھیڑی گئی مہم میں شامل ہو جاتا ہے ۔ جب فلم ریلیز ہوئی تو اس فلم میں بائیں بازو نظریات کے پیش نظر اس پر دو مہینے کے لئے پابندی عائد کردی گئی تھی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ کسی حد تک بطور ڈائریکٹر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔ مرنال سین کی اگلی فلم’’بیسے شرون‘‘ 1960 میں جلوہ گرہوئی۔ اس فلم کی کہانی 1943 میں بنگال میں ہوئے شدید قحط کے پس منظر پر مبنی تھی جس میں تقریبا ًپانچ لاکھ افراد بھوک اور قحط سالی سے مارے گئے تھے۔
سال 1969 میں این ایف ڈی سی کی مدد سے مرنال سین نے فلم ’’بھوون سوم‘‘ بنائی۔ فلم کی کہانی بھوون سوم نامی ایک ایسے سخت اورتادیبی افسر پر مبنی تھی جسے گاؤں جانے کا موقع ملتا ہے اور وہاں کے ماحول میں اس کی شخصیت تبدیل ہوجاتی ہے اور وہ سب سے امتیازی سلوک برتنے لگتا ہے۔ فلم میں بھوون سوم کا کردار اتپل دت نے ادا کیا تھا۔ اس فلم سے وابستہ دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ اسی فلم میں امیتابھ بچن نے پہلی بار اپنی آواز دی تھی۔ سال 1982 میں آئی فلم ‘‘خارج ’’ مرنال سین کے فلمی کیریئر کی ہٹ فلم میں شمار کی جاتی ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسے مڈل کلاس خاندان کے ارد گرد گھومتی ہے جس کا نوجوان نوکر باورچی خانے میں دم گھٹنے سے مر جاتا ہے جس سے ان کا خاندان بحران کا شکار ہو جاتا ہے۔فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے انجن دتہ اور ممتا شنکر کانز فلم فیسٹول میں جیوری ایوارڈ سے نوازے گئے۔