نئی دہلی: ہندی سنیما کی اسٹار اداکارہ دیپیکا پڈوکون ان مشہور شخصیات کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جن کی تصویر اور انٹرویو معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین میں شائع ہوئی ہے۔ٹائم ميگزین نے اپنے مئی کے تازہ ترین شمارے کے سرورق پر دیپیکا پڈوکون کو جگہ دی ہے۔ میگزین نے اداکارہ کو 'گلوبل اسٹار' قرار دیا۔ Deepika Padukone features on TIM
ٹائم میگزین کے سرورق پر نظر آنے والی تازہ ترین بھارتی اداکارہ نے میگزین کو ایک خاص انٹرویو بھی دیا ہے۔ اداکارہ نے اس انٹرویو میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے انہیں اور ان کے کردار کو ملنے والی تنقید پر بھی بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے 15 سالہ کریئر کے دوران سیاسی جماعتوں کی جانب سے مسلسل ملنے والے شدید ردعمل کے حوالے سے 'کچھ محسوس نہیں کرتیں'۔ انہیں یہ چیزیں پریشان نہیں کرتیں۔
امریکہ میں مقیم آؤٹ لیٹ کے ساتھ اپنے انٹرویو میں اداکارہ نے مختصرا انداز میں ان تنازع کے بارے میں بات کی جس کا انہیں گذشتہ چند برسوں میں سامنا کرنا پڑا۔ اداکارہ کو فلم پدماوت، اپنی پہلی پروڈکشن فلم چھپاک کی ریلیز کے دوران جے این یو کے طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حال ہی میں فلم پٹھان کے گانے بیشرم رنگ میں 'زعفرانی' رنگ کی بکنی پہننے کی وجہ سے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔