حیدرآباد: معروف کامیڈین راجو سریواستو کی موت کا غم ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ کامیڈی کی دنیا سے ایک اور غمگین خبر سامنے آئی ہے۔ راجو سریواستو کے ساتھ کامیڈی شو 'دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج' میں نظر آنے والے کامیڈین پراگ کنسارا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ مشہور کامیڈین سنیل پال نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے یہ افسوسناک خبر شیئر کی ہے۔Comedian Parag Kansara Dies
سنیل پال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے اس ویڈیو میں بتایا کہ 'کامیڈی کی دنیا سے ایک اور چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ ہمارے ساتھی پراگ کنسارا اب نہیں رہے۔' واضح رہے کہ حال ہی میں راجو سریواستو کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔
کامیڈین پراگ کنسارا گجرات کے وڈودرا کے رہنے والے تھے۔ انہیں مقبول کامیڈی شو 'دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج' کے پہلے سیزن میں بطور کنٹیسٹنٹ دیکھا گیا تھا۔ پراگ کے مزاحیہ انداز کو لوگوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔ اگرچہ وہ کبھی بھی کسی کامیڈی شو میں فاتح نہیں بنے لیکن انہوں نے اپنی کامیڈی سے بہت سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ پراگ کنسارا کو کئی کامیڈی شوز میں کامیڈی کرتے بھی دیکھا گیا ہے۔