حیدرآباد: ہندی سینما کی مایہ ناز اداکارہ سادھنا شیوداسانی کی پیدائش 2 ستمبر 1941 کو کراچی میں ہوئی تھی۔ سادھنا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی اور آٹھ سال کی عمر تک ان کی ماں نے انہیں گھر میں ہی تعلیم و تربیت دی۔ سادھانا کا نام ان کے والد کی پسندیدہ اداکارہ سادھنا بوس کے نام پر رکھا گیا تھا۔ ان کے والد اور اداکار ہری شودسانی بھائی تھے جو اداکارہ ’ببیتا’ کے والد تھے۔ اداکارہ نے ماضی میں اپنی لازوال اداکاری سے انڈسٹری میں خوب نام کمایا، جہاں انہوں نے متعدد فلموں میں راج کپور، دیوآنند، راجند کمار کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا اورمقبولیت کے جھنڈے گاڑے، وہیں وہ بالی ووڈ انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرتی رہیں۔ اداکارہ نے 1955 میں راج کپورکی فلم “شری 420’’ کے ایک مشہور گانے “مڑمڑ کہ نہ دیکھ مڑمڑکے” میں اپنا ڈیبیو کیاتھا۔ اس وقت ان کی عمر محض 15 برس تھی۔
بطور اداکارہ ’لو ان شملہ‘ ان کی ایسی پہلی فلم تھی جو ان کی منفرد پہچان کا سبب بنی۔ اسی فلم نے انہیں شہرت کی نئی بلندیاں عطا کیں۔ سادھنا نےاپنے منفرد اور اچھوتے ہیراسٹائل کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کی۔ سادھنا کی کامیاب فلموں میں ’لو ان شملہ‘ ، ’پرکھ‘، میرا سایہ، ہم دونوں، ایک پھول دو مالی، من موجی، دلہا دلہن، آرزو، ’میرے محبوب‘، ’وقت‘، ’وہ کون تھی اور وقت سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔ ا داکارہ کو 2002 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ایک زمانے میں ان کا زلفوں کی سٹائل ’سادھنا کٹ‘ کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوا جس میں ان کے آگے کے قدرے چھوٹے کٹے ہوئے بال پیشانی پر نظر آتے ہیں۔ ان کی شادی ان کی پہلی فلم کے ہدایت کار رام کرشن نیّر سے ہوئی تھی اور ان کے کوئی اولاد نہیں تھی۔سادھنا کے کنبہ میں ایک گود لی ہوئی بیٹی ہے۔