'جہان آباد اور شیوہر حلقوں سے آزاد امیدواروں کو میدان میں اتاروں گا' - jahnabad
آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے کھل کر بغاوت شروع کردی ہے۔ شیوہر پارلیمانی حلقے کے تعلق سے انہوں نے اپنا امیدوار اتارنے کا اعلان کرکے بہار کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔
تیج پرتاپ یادو نے اپنے چھوٹے بھائی تیجسوی یادو کو حلقہ شیوہر سے آر جے ڈی کے امیدوار کو تبدیل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے منگل کے روز ایک تصویر شیئر کی جس میں انھوں نے حلقہ شیوہر سے آر جے ڈی کے امیدوار سید فیصل علی کو بی جے پی کے اعلی رہنماؤں کے ساتھ ہولی کھیلتے دکھایا۔
تیج پرتاپ نے دعوی کیا کہ سید فیصل علی بی جے پی سے منسلک ہیں اور ان کے متعدد رہنماؤں سے رابطے میں ہیں ۔ نیز ان کی اس حلقے میں شدید مخالفت کی جارہی ہے۔
تیج پرتاپ نے مخالفین کو نشانہ بناکر کہا سب جانتے ہیں کہ اس طرح کے فیصلے کون کرتا ہے؟
مسٹر یادو نے کہا کہ انھوں نے دو سیٹوں کا مطالبہ کیا تھا لیکن تیجسوی نے اس پر غور نہیں کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ فیصلہ تیجسوی کا نہیں ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب تیج پرتاب نے انتباہ دیتے ہوئے کہا اگر تیجسوی ان کے مطالبے پر غور نہیں کریں گے تو جہان آباد اور شیوہر سے ان کے دو امیدوار آزادانہ طور پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔