رام ولاس ہی مرکز میں وزیر ہوں گے، چراغ نہیں
مرکز کی نئی حکومت میں مسٹر رام ولاس پاسوان ہی لوک جن شکتی پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔
ایل جے پی پارلیمانی بورڈ کی آج ہوئی میٹنگ میں عام رضامندی سے یہ فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ میں پارٹی کے نومنتخب ممبران پارلیمنٹ اور پارٹی پارلیمانی بورڈ کے دیگر اراکین موجود تھے۔
پارلیمانی بورڈ کے صدر چراغ پاسوان نے بتایا کہ پارٹی اس فیصلے سے جلد ہی نامزد وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ کو باخبر کرے گی۔ مسٹر رام ولاس پاسوان نے لوک سبھا انتخابات نہیں لڑے تھے اور انہیں راجیہ سبھا کا رکن بنائے جانے کے سلسلے میں بی جے پی نے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
بہار کے جموئی سے پھر سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے مسٹر چراغ پاسوان نے کہا ہے کہ وہ کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے اور 2020 میں بہارمیں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاروں پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔ مسٹر پاسوان نے بتایا کہ سال 2014 میں بھی بی جےپی کی جانب سے انہیں وزارت کی پیش کش کی گئی تھی لیکن اس وقت ان میں تجربہ کی کمی تھی۔
میٹنگ میں مسٹر چراغ پاسوان کو لوک سبھا میں ایل جے پی کے لیڈر چودھری محمود علی قیصر کو نائب صدر اور مسٹر رام چندر پاسوان کو چیف وہپ منتخب کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ محترمہ وینا دیوی اور مسٹر چندن سنگھ پارلیمانی بوڈ کے سکریٹری ہوں گے۔ یہ سبھی بہار سے لوک سبھا کے لئے منتخب کیے گئے ہیں۔
پارٹی نے قوی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی زبردست جیت کے لئے مسٹر مودی، مسٹر شاہ اور بہار کے وزیراعلی نتیش کو مبارک باد پیش کی ہے۔