پنجاب کی کپورتھلہ پولیس نے ریاست کی جیلوں میں بند بدنام زمانہ گینگسٹر کی جانب سے چلائے جارہے ایک بڑے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو منشیات اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے اور 20 کلو ہیروئن برآمد کی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس دنکر گپتا نے بتایا کہ اسمگلروں کی شناخت بلوندر سنگھ (ہوشیار پور) اور پیٹر مسیح (جالندھر) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں اسمگلر پہلے ہی مجرمانہ مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے منگل کو کپورتھلہ کے ہائی ٹیک ناکہ ڈھلوان میں ایک ٹرک اور ایک ہنڈائی کار کی تلاشی لی اور ان کے قبضے سے 20 کلو ہیروئن کی کھیپ برآمد کی۔ پولیس پارٹی نے گاڑیوں کو چیک پوائنٹ پر رکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے گاڑی چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کی۔ مختصر تعاقب کے بعد محتاط پولیس نے انہیں جائے واقع پر ہی پکڑ لیا۔