بہرائچ میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں مہارا ج سہیل دیو کے اسمارک کی ورچول نقاب کشائی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ' اپنےعزم و حوصلہ سے سرزمین ہند کے افتخار کو بلند کرنے والے سہیل دیو سمیت کئی بہادر لوگوں کی تاریخ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہیں تاریخ میں وہ مقام نہیں ملا جس کے حق دار تھے۔
انہوں نے کہا کہ' سردار ولبھ بھئی پٹیل، سبھاش چندر بوس، اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو بھی ایسے لوگوں نے ہی ان کا اصل مقام انہیں نہیں دیا۔ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ بہرائچ میں سہیل دیو کے اسمارک کی نقاب کشائی کا موقع میسر ہوا۔
یوگی حکومت کی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ' گذشتہ برسوں میں اترپردیش میں جو کوششیں کی گئی ہیں ان کا اثر دکھائی دینے لگا ہے۔ آج جس ریاست میں سب سے زیادہ سیاح آتے ہیں اس کا نام اترپردیش ہے۔ بیرونی سیاحوں کو بھی اپنی جانب مائل کرنے میں یوپی ملک کے سر فہرست تین ریاستوں میں اپنی جگہ بن چکا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ' ہمار ی کوشش ہے کہ ہم ملک کی ان شخصیات کو اعزاز سے نوازیں۔ ہمارے ملک کی عظیم شخصیات کے ساتھ تاریخ سازوں نے جو ناانصافی کی ہے بھارت اس میں اب اصلاح کررہا ہے۔ مہاراجا سہیل دیو میموریل اور چتوڑا جھیل کے ترقیاتی کام آنے والی نسلوں کو اپنی جانب راغب کریں گے۔