بین الاقوامی تیرانداز اور ڈونگر پور کے ضلع اسپورٹس آفیسر جینتی لال ننوما اتوار کی رات ایک سڑک حادثے میں شدید طور سے زخمی ہونے کے بعد رایست راجستان کے ادئے پور اسپتال میں موت اور زندگی کی جنگ لڑ رہے تھے لیکن آج علاج کے دوران ہی انکا انتقال ہوگیا۔
کار میں سوار پی ٹی آئی کانتیلال بھی شدید طور سے زخمی ہوگئے تھے جو ساگوارہ کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بین اقوامی تیرانداز کی سڑک حادثے میں موت معلومات کے مطابق بین الاقوامی تیرانداز اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر جینتی لال ننوما اپنے دوست پھلوج اسکول کے جسمانی استاد کانتیلال کے ہمراہ بنسوارہ گئے تھے۔
وہ بنسوارہ سے چاول لے کر لوٹ رہے تھے کہ اسی اثنا میں ان کی اسکارپیو کار ساگوارہ شاہراہ پر بے قابو ہو کر پلٹ گئی، اس حادثے میں جینتی لال کو سر میں شدید چوٹ لگی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے جینتی لال اور کانتیلال دونوں کو ساگوارہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا تھا جہاں جینتی لال کی حالت تشویشناک ہونے پر انھیں ادے پور ریفر کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد جینتی لال کا ادئے پور میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔
جینتی لال کی نعش کو ڈونگر پور لایا جائے گا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔ اس کے بعد جینتی لال کے آبائی گاؤں بلڑی میں آخری رسومات ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈونگر پور کے جینتی لال ننوما تین مرتبہ ہندوستانی تیر اندازی ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ 2013 میں وہ پہلی بار ہندوستانی تیر اندازی ٹیم کے کوچ بنے۔ اس کے بعد وہ سنہ 2015 میں دوسری بار ٹیم کے کوچ بننے کے بعد ان کے ساتھ جنوبی امریکہ کے شہر کولمبیا میں منعقدہ ورلڈ کپ تیر اندازی ایونٹ میں 16 تیراندازوں کی ایک ٹیم نے حصہ لیا۔ اس کے بعد وہ 2018 میں تیسری مرتبہ ہندوستانی ٹیم کے کوچ بنے، انہیں 2019 میں بھی تیر اندازی ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا لیکن مقابلہ ملتوی ہونے کی وجہ سے وہ نہیں جا سکے تھے۔