نئی دہلی: سُپریم کورٹ نے اس درخواست پر غور کرنے سے انکار کر دیا جس میں 1990 میں کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کی مبینہ ہلاکتوں کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے کشمیر میں آباد ہندوؤں کی بڑی تعداد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئی تھی اور جموں و کشمیر کے دوسرے شہروں ادھم پور اور جموں منتقل ہونے کے علاوہ ریاست سے باہر بھی چلے گئے تھے۔ SC on Kashmiri Pandit Killings جسٹس بی آر گوائی اور سی ٹی روی کمار کی بینچ نے یہ کہتے ہوئے اس معاملے کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا کہ انہوں نے حال ہی میں سامنے آنے والے ایسے ہی معاملے پر غور نہیں کیا ہے۔
بینچ نے عرضی گزار کو متبادل طریقہ سے استفادہ کرنے کی آزادی دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم مداخلت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اس کے بعد درخواست گزار نے عرضی واپس لے لی۔ یہ عرضی ایک ممتاز کشمیری پنڈت اور بی جے پی کے سابق نائب صدر ٹکا لال تپلو کے بیٹے آشوتوش تپلو نے دائر کی تھی، جنہیں مبینہ طور پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے اراکین نے ہلاک کر دیا تھا۔ درخواست میں خاندان کے افراد کے تحفظ اور بحالی اور ان کے والد کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات اور مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔