جموں و کشمیر پولیس کے مطابق وادیٔ کشمیر میں جمعرات جیسی پابندیاں بشمول مواصلاتی قدغن جمعے کو بھی جاری رہیں گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے کو بعد از دوپہر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
پولیس کی جانب سے جمعرات کی شام دیر گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ 'یہ کہنا ضروری ہے کہ آج جیسی پابندیاں اور انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن جمعے کو بھی جاری رہے گا۔ بعد از دوپہر صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی'۔
بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کو وادی بھر میں صورتحال پُرامن رہی اور کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
بیان کے مطابق آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ 'لوگوں کے تعاون سے ان عناصر کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا گیا ہے جو وادی کے پرامن ماحول کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں'۔