کپواڑہ:جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان منشیات کے کاروبار کے استعمال سے جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکا دکا واقعات کو چھوڑ کر دراندازی نہ ہونے کے برا بر ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے کپواڑہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔Dilbagh Singh On Militancy
انہوں نے کہا، 'پاکستان ملی ٹینسی کو فروغ دینے اور فنڈنگ کی خاطر جموں وکشمیر میں منشیات کے کاروبار کو فروغ دے رہا ہے۔' اُن کے مطابق منشیات سے حاصل شدہ پیسوں کو ملی ٹینسی کے فروغ اور فنڈنگ کے لیے استعمال میں لانے کی بھر پور سعی کی جارہی ہے۔ موصوف پولیس سربراہ کے مطابق جموں وکشمیر میں بہت سارے نوجوان نشے کے عادی بن چکے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ ایسے ہی جاری رہا تو معاشرہ بیمار ہوگا اور پھر اس کو درست کرنا بھی مشکل ہو جائے گا۔
انہوں نے ذی عزت شہریوں، سماجی تنظیموں، ائمہ مساجد اور علمائے کرائم سے اپیل کی کہ نوجوانوں کو اس لت سے دور رکھنے کی خاطر بیداری مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ دراندازی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دلباغ سنگھ نے کہاکہ کچھ اکا دکا واقعات کو چھوڑ کر دراندازی نہ کے برابر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جو اکا دکا واقعات رونما ہوئے اس بارے میں فوج اور دیگر حفاظتی عملے کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی تاکہ اس پار آنے والے عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ اُن کے مطابق ہمارا بارڈر گرڈ مضبوط ہے تاہم اس کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے سینئر آفیسران کے درمیان گفت وشنید جاری ہے۔