سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں سے شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج کیا گیا۔ ادھر متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا تاہم اس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے اورپھر ماہ رواں کی 25 تاریخ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ Dry Weather Forecast in Kashmir
ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں سب سے زیادہ9.4 ملی میٹر، گلمرگ میں 2.6 ملی میٹر، کپوارہ میں 0.4 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں 0.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ اور دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہوئی ہے۔ ہلکے درجے کے برف و باراں کے باعث وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور یہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔