ضلع کشتواڑ کے سنگنہ پنچایت کا پرشمولا علاقہ بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہے۔ علاقے میں بجلی کے کھمبے کے بجائےدرختوں اور بوسیدہ کھمبوں پر ترسیلی لائنز لٹکائی گئی ہیں۔
مقامی افراد کو پریشانیوں کا سامنا
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں آج تک کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں ۔بےترتیب ترسیلی لائنز کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
مقامی لوگوں کے مطابق اُنہیں ہمیشہ جان و مال کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
انوں نے مزید کہا کہ بےترتیب لگائے گئےترسیلی لائنز کبھی بھی بڑے حادثہ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ۔
علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ تھوڑی سی برفباری یا تیز آندھی کے سبب یہ ترسیلی لائنز ٹوٹ جاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے مقامی افراد خوف و ہراس کے ساتھ ساتھ کئی دنوں تک بجلی سے محروم رہتے ہیں۔
لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کے سامنے اپنے مطالبات رکھے۔تاہم آج تک اس سلسلے میں کوئی موثر کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
اس سلسلے میں نمائندہ نے جب محکمہ بجلی کے اسسٹینٹ ایگزیکیٹیو انجینئر اے ای ای کو فون پر رابطہ کر کے جانکاری دی تو ان کا کہنا ہے کہ دو مہینوں کے اندر لوہے کے کھمبے لگائے جائینگے۔ انہوں نے کہا شلاکا نامی کمپنی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے ۔اور آنے والے چند دنوں میں سرگرمیاں شروع کی جائینگی ۔
مزید پڑھیں :بجبہاڑہ: بجلی کی ترسیلی لائن سے مقامی لوگوں کو خطرہ
لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کشتواڑ سے اپیل کی ہے کہ بجلی کے نظام کو فورا ٹھیک کیا جایے جس سے علاقہ میں لوگوں کی جانیں بچ سکیں اور پریشانی سے ہمیشہ کے لیے نجات مل سکے ۔