جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر اور ضلع کپوارہ کے ویلگام میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کی مناسبت سے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ بھارت کی یکجہتی اور سالمیت کے معمار، سردار ولبھ بھائی پٹیل جنہیں' آئرن مین آف انڈیا'کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ان کی یوم یوم پیدائش پر 'یوم قومی اتحاد' پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
سرینگر سیکٹر سی آر پی ایف کی اکائیوں اور دفاتر نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یوم قومی اتحاد کے موقع پر آپسی اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے سی آر پی ایف کی جانب سے حلف برداری تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس موقع پر گنڈ سے سونہ مرگ تک سی آر پی ایف کی 118 بٹالین کی جانب سے دوڑ کا انعقاد کیا گیا جس میں عام و خاص سبھی نے شرکت کیا۔
اس کے علاوہ سرینگر سیکٹر سی آر پی ایف کے 'علم روزگار پروگرام' کے تحت، ایک کیریئر گائیڈنس سیشن کا انعقاد کیا گیا جہاں 118 بٹالین کے کمانڈنٹ ڈاکٹر ستیہ ویر ورما، کمانڈنٹ،ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکراور ایڈیشنل ایس پی فیروز یحییٰ نے طلباء سے بات چیت کی اور ان کی رہنمائی کی۔
اس موقع پر طلباء کے درمیان سی اے پی ایف امتحان کی تیاریوں کے لیے کتابیں اور مطالعاتی مواد تقسیم کیا گیا۔ علم روزگار پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں نے سی اے پی ایف و دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاریوں کے لیے سی آر پی ایف کی طرف سے منعقد کی جانے والی مفت آن لائن کوچنگ سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنا اندراج کرایا ہے۔
وہیں اس یوم قومی اتحاد کی مناسبت سے ویلگام بٹالین نے ہفرڈہ میں ایک ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا جس میں کراٹے اور ہفرڈا میں جاری یونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس یونٹی کپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں کے درمیان اسپورٹس کی جانب راغب کرنا تھا اور ان کی فطری صلاحیتوں کی نشاندہی کرنا تھا۔ ماہ اکتوبر میں فوج نے کئی تقریبات کا انعقاد کیا، جس کا آغاز 03 اکتوبر کو 'پیڈل فار پیس' سائیکلنگ ریس سے ہوا۔ اس ایونٹ میں 40 سے زائد سائیکل سواروں نے شرکت کی۔