زندگی کے ہر شعبے کی طرح اب کھیل کے میدان میں بھی لڑکیاں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور انہیں بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے حکومت طرح طرح کے اقدامات کررہی ہے۔
جموں وکشمیر کے ضلع بڈگام میں یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے انٹر ڈسٹرکٹ اسپورٹس پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام میں کافی تعداد میں لڑکیوں نے حصہ لیا۔
اس پروگرام میں مختلف عمر کی لڑکیوں نے حصہ لے کر جوڈو، کراٹے، ووشو اور دیگر طرح کے کھیل کے کرتب دکھائے۔ اس دوران لڑکیوں کا کہنا تھا کہ 'کھیل سے ایک تو وہ تندرست رہتی ہیں اور ساتھ ہی ان کو خود پر مزید اعتماد ہوجاتا ہے۔'
اسپورٹس پروگرام میں حصہ لینے والی لڑکیوں نے کہا کہ 'کراٹے، باکسنگ وغیرہ سیلف ڈیفنس کے لیے بھی فائدہ مند ہے اور جب ایک لڑکی کو یہ کھیل آتے ہیں تو اسے کسی چیز کا ڈر نہیں رہتا ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'آج کل کے دور میں والدین کو ڈر لگا رہتا ہے کہ ان کی بیٹیوں کے ساتھ کچھ غلط نہ ہو، ایسے میں جب وہ کھیل کھیلتی ہیں تو وہ اپنا سیلف ڈیفنس بھی تیار کرتی ہیں۔'