سب ضلع ترال میں گزشتہ کئی روز سے پٹرول میں ایتھنال کی ملاوٹ کی خبروں کے بعد عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ علاقے میں بے روزگار نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شعبہ ٹرانسپورٹ سے وابسطہ ہے اور پٹرول میں ملاوٹ کی خبروں کے بیچ بالخصوص ڈرائیور پریشانیوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
ترال سومو اسٹینڈ سے وابسطہ ایک ڈرائیور نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے پٹرول پمپ مالکان کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے والے افراد غیر معیاری تیل فراہم کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو نقصان ہو رہا ہے اور اکثر اوقات گاڑیاں مسنگ کرتی ہیں، لہذا انتظامیہ کو اپنے چیکنگ اسکارڈ تشکیل دے کر اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔