کشمیر: نقلی ادویات کے کاروباریوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ - NGO
وادی کشمیر میں سرگرم ہیون ہاؤ فاؤنڈیشن نامی غیر سرکاری تنظیم نے وادی میں غیر معیاری ادویات کے کاروبار میں بے تحاشہ اضافے پر اپنی گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
اس تنظیم نے حکومت بالخصوص متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاست میں ناقص اور غیر معیاری ادویات کے بڑھتے رجحان کا سنجیدہ نوٹس لیں۔
تنظیم کی طرف سے یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہر مہذب سماج میں صحت عامہ انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ تصور کیا جاتا ہے اور اس شعبہ کی ترقی اور ناقصی کو دور کرنے کے لئے کافی توجہ مرکوز کی جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہماری ریاست میں سب سے زیادہ کھلواڑ اگر کسی شعبہ سے کیا جاتا ہے وہ ہمارا شعبہ صحت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حالیہ اخباری رپورٹوں اور دیگر ذرائع سے حاصل اطلاعات کے مطابق ریاست میں باضابطہ طور پر ناقص اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے مافیا سرگرم عمل ہے اور اس میں بعض ادویات فروش اور ڈاکٹر حضرات پیش پیش ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی مقاصد کے لیے نہ صرف عوام کو موت کے فرشتہ کے حوالے کرنے پر تلے ہوئے ہیں بلکہ ریاست کے غریب عوام کو دو دو ہاتھوں سے لوٹنے میں پوری تندہی سے سرگرم ہیں۔
ہیون ہاؤس فاؤنڈیشن نے غیر معیاری ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس کاروبار کے خلاف اپنی آواز اٹھائیں۔