جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے منعقدہ 'پیڈل فار فیس' سائیکل ریس کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر، کے کے شرما اور بصیر احمد خان کے علاوہ آئی جی پولیس کشمیر وجے کمار بھی موجود تھے۔
پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'کشمیری نوجوان کافی ذہین ہوتے ہیں، وہ پرجوش ہیں اور مثبت سوچ بھی رکھتے ہیں، وہ اپنی توانائی کو اچھے کاموں میں استعمال کرنا چاہتے ہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا 'ہمیں امید ہے کہ نوجوان خوشی سے ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، کوئی تشدد نہیں چاہتا ہے، مجھے امید ہے کہ ہمارے نوجوان عسکریت پسندی کا راستہ چھوڑ کر امن کی راہ اختیار کریں گے اور امن کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔
پولیس سربراہ نے جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے آپریشنز میں تیزی کے متعلق پوچھے جانے پر کہا کہ 'جنوبی کشمیر ایک ایسی جگہ ہے جہاں سرگرمی اور خاموشی ایک ساتھ چلتی ہے، ہم وہاں امن چاہتے ہیں'۔ وہاں سرگرم جنگجوئوں کی اچھی خاصی تعداد ہے، جب وہ سیکورٹی فورسز پر حملہ کرتے ہیں یا محاصرے میں پھنسنے کے بعد سرینڈر کرنے سے انکار کرتے ہیں تو وہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوتا ہے، وہاں سیکورٹی فورسز کے آپریشنز جاری رہنا بھی سماج کے لیے اچھا ہے'۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیڈل فار فیس صرف سائیکل ریس نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعے امن، خوشحالی اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے، عوام میں محبت بانٹنے کی بھی کوشش ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا 'جموں و کشمیر پولیس کئی محاذوں پر کام کر رہی ہے، کام کے بھاری دباؤ کے باوجود اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کرتی رہتی ہے'۔