انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک عزیز کی بقا سیکولرازم میں ہی مضمر ہے۔
ان باتوں کا اظہار غلام نبی آزاد نے جموں میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر عام انتخابات کے سلسلے میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اتحاد کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
آزاد نے کہا کہ 'ملک کو باہر سے، پاکستان وغیرہ سے خطرات لاحق ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس ملکی مفاد کے لئے ایک ہوگئے ہیں جس ملک کا جموں و کشمیر ایک اٹوٹ انگ ہے۔
سیکولرازم کو ملک کی بقا سے تعبیر کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ ایک سیکولر ملک دنیا کے کسی بھی ملک کا مقابلہ کرسکتا ہے اور جب ہمارے ملک میں مختلف مذہبوں اور ذاتوں کے لوگ ایک ہوکر رہیں گے تو ہم کسی بھی طاقت کا مقابلہ کرسکتے ہیں لیکن اس کے برعکس اگر ہم مذہب اور ذات کی بنیادوں پر منقسم ہوں گے تو دنیا کا کمزور ملک بھی ہماری نااتفاقی کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔