جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے ڈڈینہ میں گذشتہ پانچ سالوں سے زیرِتعمیر پاور رسیونگ اسٹیشن کا کام جاری ہے۔ تقریباً 5.25 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر کئے جانے والے اس پاور رسیونگ اسٹیشن کی تکمیل کے بعد مقامی باشندوں کئی سہولیات ملنے کی امید ہے۔ موسمِ سرما کی آمد آمد ہے ایسے میں بجلی کی کمی اوربارہا بجلی کٹ جانے سے مقامی باشندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسٹیشن کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے مگر اس کا افتتاح نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سےیہی سنتے آرہے ہیں کہ پاور رسیونگ اسٹیشن کو بہت جلد عوام کے لئے کھول دیاجائیگا ۔اسی اثنا میں پانچ سال گزر گئے ۔لیکن ابھی تک اسے عوام کے لئے نہیں کھولا گیا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہناہے کہ گرمی کے موسم میں بھرپور بجلی نہیں مل رہی ہے تو پھر موسم سرما میں بجلی کی کمی سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق اس پاور رسیونگ اسٹیشن کے پایہ تکمیل کے بعد پچاس ہزار سے زائد افراد کو فائدہ پہنچے گا۔