جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پلوامہ نے خواتین ڈگری کالج پلوامہ کے اشتراک سے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بیداری پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں خواتین کی کافی تعداد نے شرکت کی۔
خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے بیداری پروگرام کا انعقاد اس پروگرام میں ضلع کے محتلف محکمے کے محتلف عہدوں پر کام کرنے والے خواتین کے ساتھ ساتھ خواتین ڈگری کالج پلوامہ کی طالبات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پلوامہ عبدالرشید ملک نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ خواتین ڈگری کالج پلوامہ کے پرنسپل نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔
پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالرشید ملک نے کہا کہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں عزت اور احترام دیا جائے۔ اس کے کردار کو سراہا جائے اور اس کا اعتراف کیا جائے کہ وہ صرف گھریلو بیوی کے طور پر نہیں ہے بلکہ ان کا کردار معاشرے میں انسانیت کا جذبہ فراہم کرنے میں اہم ہے۔
انہوں نے سپریم کورٹ آف انڈیا کے مختلف فیصلوں کی مثالیں دیں جن میں عورت کے کردار کو زیر بحث لایا گیا ہے اور اسے سراہا گیا ہے۔ اس دوران سیکرٹری ڈی ایل ایس اے پلوامہ، ریاض احمد چودھری نے حاضرین کے ساتھ آئین کا تمہید بھی پڑھا۔