سرینگر: کُل جماعتی حریت کانفرنس جس کی قیادت نظر بند رہنما میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کررہے ہیں نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کی جیل میں غیر معینہ بھوک ہڑتال کے دوران بگڑتی صحت کے پیش نظر ہسپتال منتقل کرنے اور موصوف کی صحت و سلامتی کے حوالے سے شدید فکر و تشویش کا اظہار کیا ہے۔APHC on Yasin Malik Health Condition
اے پی حریت کانفرنس کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر کے سیاسی قیدیوں کے تعلق سے حق و انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے بجائے سیاسی انتقام گیری سے کام لیا جارہا ہے اور جموں و کشمیر کی مسلمہ عوامی قیادت کو یا تو نظر بند یا پھر قید و بند میں رکھا گیا ہے جو نہ صرف بیحد افسوسناک ہے بلکہ عوامی سطح پر زبردست فکر و اضطراب کا باعث ہے۔
حریت نے واضح کیا کہ قیدو بند، قدغنوں، پابندیوں اور مصنوعی اقدامات سے امن قائم کرنے کے دعوئوں اور سیاسی نظریات کی بنا پر آواز کو دبانے سے نہ تو حقائق کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس طرح کی کارروائیوں سے کچھ حاصل ہوسکتا ہے کیونکہ بالآخر تمام فریقین کے مابین بات چیت اور مذاکرات ہی ایسا واحد راستہ ہے جس سے دیرینہ مسئلہ کشمیر کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکتا ہے اور یہ خطے میں باعث استحکام اور دائمی امن و سلامتی کے قیام کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔