موصولہ اطلاع کے مطابق مذکورہ گاؤں کی رہائشی پرویش کی بیوی سنیتا آج گھریلو رنجش کے سبب اپنے دو بچوں کو ساتھ لے کر گھر سے نکلی اور گاؤں کے باہر واقع تالاب میں بچوں سمیت چھلانگ لگا دی۔ سنیتا کو تالاب میں کودتے دیکھ کر وہاں سے گزر رہی خواتین نے شور مچا دیا، جس کے بعد کچھ نوجوان نے بہ مشکل تینوں کو باہر نکالا لیکن تب تک سنیتا اور اس کے 8 سالہ بیٹے کارتک کی پانی میں دم گھٹنے سے موت واقع ہوگئی۔
گھریلو رنجش کے سبب ماں بیٹے نے خودکشی کی - جہیز کا معاملہ
سہارنپور تھانہ کے نکوڑ علاقے کے گاؤں کینڈل میں ایک خاتون اپنے بچوں کے ساتھ تالاب میں کود گئی۔ خاتون اور اس کے بیٹے کی تالاب میں ڈوبنے سے موت واقع ہو گئی۔ شور وغل سن کر کچھ نوجوانوں نے ایک بچی کی جان بچا لی۔ لاش کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
سنیتا کی بیٹی کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے، مرنے والی خاتون کے بھائی پرویندر نے بتایا کہ اس کی بہن کے سسرال والے شادی کے بعد سے ہی اسے پریشان کرتے آرہے تھے۔ دو روز قبل بھی اس کی بہن کے سسر اور دیور نے اس کے ساتھ مارپیٹ کی تھی، جس کے بعد مائیکے والے اس کے گھر پہنچے اور کسی طرح سمجھا بجھا کر صلح کرا دی تھی لیکن گھر پہنچتے ہی اس کی موت کی خبر آئی۔
اس سلسلہ میں ایس پی دیہات اشوک کمار مینا نے بتایا کہ پہلی نظر میں یہ معاملہ گھریلو رنجش کا نظر آ رہا ہے۔ تالاب میں کودنے سے خاتون اور اس کے 8 سالہ بچے کی موت ہوئی ہے، جبکہ 14 سالہ بیٹی کو بچا لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون کے اہل خانہ کی تحریر پر آگے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔